لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ(ن) کی اہم وکٹ گرا دی، جڑانوالہ سے (ن) لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی رائے حیدر علی خان ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے (ن) لیگ کے سابق رکن
پنجاب اسمبلی رائے حیدر علی خان نے زمان پارک میں ملاقات کر کے تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا ۔رائے حیدر علی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور سیاسی ایجنڈے کی بھرپور تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان فسطائیت کیخلاف جدوجہد کا استعارہ، قومی قیادت کی اہلیت و صلاحیت کا لوہا منوا چکے ہیں، عمران خان کے خوف میں نام نہاد اہلِ سیاست پوری قوت سے دستور و جمہوریت کو کچلنے میں لگے ہوئے ہیں، عمران خان کی سیاست کو جواب ننگی جارحیت اور فسطائیت سے دیا جارہا ہے۔رائے حیدر علی خان نے کہا کہ عمران خان قوم کا انتخاب ہیں، نشان انتقام بنا کر قوم کی توہین کی جارہی ہے، مشکلات سے نکل کر ترقی کی راہ پر چلتی معیشت کو ہفتوں، عشروں میں تباہی کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے، عوام بدترین مہنگائی کے بوجھ تلے بِلک رہے، بیرحم گروہ نے ان پر زندگی تنگ کردی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ حقیقی آزادی کے حصول کی جدوجہد میں عمران خان کے شانہ بشانہ لڑیں گے، ملک کو مزید تباہی کے گھاٹ اتارنے کی بجائے فوری عام انتخابات کے ذریعے عوام کو فیصلے کا حق دیا جائے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے رائے حیدر علی خان کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ۔یاد رہے کہ رائے حیدر علی خان پی پی 101 جڑانوالہ سے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔



















































