اسلام آبا د(مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان پارلیمانی جنگ تیز ہو گئی، اس سلسلے میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے مزید استعفے بھی منظور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سپیکر آفس میں پی ٹی آئی کے دیگر
ارکان کے استعفے منظور کرنے کے آپشن پر بھی غور شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے باقی ارکان کے اسمبلی میں واپس جانے کے تناظر میں حکومت نے مزید استعفے منظور کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔دوسری جانب قومی اسمبلی کےکل جمعہ مورخہ 20 جنوری 2023 کو دن 11 بجے ہو والے اجلاس کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ، اب اجلاس 20جنوی کے بجائے 27جنوری کو ہوگا ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس کل بروز جمعہ مورخہ 20 جنوری 2023 کو دن 11 بجے ہونے کے بجائے مورخہ 27 جنوری بروز جمعہ دن 11 بجے بجے منعقد ہو گا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007 کے قاعدہ 49 کی شق بی کے ذیلی قاعدہ 2 کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے جاری کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں واپسی کے عندیہ کے بعد اجلاس کا شیڈول تبدیل کیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ اگرکل جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا تو پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی جانب سے استعفے واپس لیے جاسکتے ہیں اور اسی وجہ سے قومی اسمبلی کا اجلاس ایک ہفتہ آگے کر دیا گیا ۔یاد رہے کہ دو روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے 35اراکین کے استعفے منظور کرلئے تھے ۔