کیف(این این آئی) یوکرین کے شہر برووری میں ایک کنڈرگارٹن کے قریب ہیلی کاپٹر کے حادثے میں یوکرین کے وزیر داخلہ سمیت کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات قومی پولیس کے سربراہ کلائی مینکونے بتائی۔یوکرین کے شہر برووری میں ایک کنڈرگارٹن کے قریب ہیلی کاپٹر کے حادثے میں کم از کم 16افراد ہلاک ہو گئے ، ہیلی کاپٹرحادثے میں تقریبا 22افرادکو ہسپتال منتقل کیاجاچکا ہے جن میں10بچے بھی شامل ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ مرنے والوں میں یوکرین کے وزیر داخلہ ڈینس موناسٹیرسکی بھی شامل ہیں۔پولیس چیف نے کہاکہ حادثے میں وزارت داخلہ کی قیادت، وزیر، نائب وزیر اور ریاستی سکرٹری بھی مارے گئے۔کیف علاقے کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ اولیکسی کولیبا نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر ایک کنڈرگارٹن اور رہائشی عمارت کے قریب گر کر تباہ ہوا۔سانحہ کے وقت، کنڈرگارٹن میں بچے اور عملہ موجود تھا۔ اس وقت، سب کو نکال لیا گیا تھا،انہوں نے ٹیلیگرام پر لکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیرامیڈیکس، پولیس اور فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر جوابی کارروائی کر رہے ہیں۔