لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ٗ آئی این پی)روزنامہ جنگ میں مقصود اعوان کی خبر کے مطابق مسلم لیگ ق(چودھری پرویز الٰہی) دھڑے نے آئندہ انتخابات تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے لڑنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ۔
چودھری پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے چوہدری مونس الٰہی کو پی ٹی آئی میں مرکز اور پنجاب میں اہم پارٹی عہدے دئیے جائیں گے ۔مشاورتی اجلاس آج بلا لیا گیا ہے۔دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی کی منظوری دے دی،لاہور میں عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق عمران خان نے ضروری اقدامات کے لیے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کر دی ہے،اعلامیے کے مطابق عمران خان نے عام انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی منظوری کا عمل شروع کرنیکی منظوری دے دی ہے، ڈویژنل سطح پرپارٹی تنظیموں سے مضبوط امیدواروں کے نام مانگ لیے گئے ہیں،تحریک انصاف کا کہنا تھاکہ تنظیموں کی سفارشات پارلیمانی بورڈ میں پیش کرکے جلد امیدوار فائنل کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے، امیدواروں کو جلد گرین سگنل دے کر انتخابی میدان میں اترنیکی اجازت دی جائے گی۔