لاہور/کراچی ( این این آئی) پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے، حدنگاہ متاثر ہونے کے باعث مختلف مقامات سے موٹرویز ٹریفک کیلئے بندکردی گئی ،لاہور ایئرپورت پر فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا ، اندرون و بیرون ممالک آنے جانے والی متعدد پروازیں منسوخ ہونے سے مسافروںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں
بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ۔ موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث ایم 2 لاہور، اسلام آباد موٹروے ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک اور پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے ایم 3درخانہ سے فیض پور تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ۔موٹر وے پولیس کے مطابق فیصل آباد ملتان موٹروے ایم 4 عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک اور سکھرملتان موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے اوچ شریف جبکہ سیالکوٹ، لاہور موٹروے ایم 11 کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال تک ٹریفک کیلئے بند کی گئی ۔دوسری جانب ٹریفک پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔ موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ناگزیر صورتحال میں سفر سے پہلے راستہ ایپ سے معلومات حاصل کریں۔دوسری جانب لاہور سے اسلام آباد جی ٹی روڈ بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہی ، گوجرانوالہ، گجرات ، وزیر آباد سمیت دیگر علاقوں میں دھند کا راج رہا، لاہور سے کراچی جانے والی نیشنل ہائی وے پر بھی شدید دھند رہی۔ میدانی علاقوں میں حد نگاہ بہت زیادہ متاثر ہیں ، ساہیوال ، اوکاڑہ ، پتوکی اور دیگر شہر شدید دھند کی وجہ سے متاثر ہیں اور حد نگاہ دس میٹر سے بھی کم رہی۔ لاہور علامہ اقبال انٹرنشینل پورٹ پر دھند کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوا ، بیرون اور اندرون ملک کیلئے آنے جانے والی 12پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں،دو پروازیوں کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا۔جدہ سے آنے والی پرواز 860 اور پی آئی اے کی ابوظہبی سے آنے والی پرواز 264 کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا،پی آئی اے کی دبئی جانے والی پرواز 203 اڑان نہ بھر سکی،منزل تیدیل کردی گئی
جبکہ اتحاد ایئر لائن کی ابوظہبی سے آنے والی پرواز 241 تاخیر کا شکار،سعودی عریبیہ کی جدہ سے آنے والی پرواز 734 تاخیر کا شکار،پی آئی اے جدہ سے آنیوالی پرواز 734 ایک گھنٹہ تاخیرکاشکار،پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز 302 ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار،پی آئی اے کی دمام سے آنے والی پرواز 248 تین گھنٹے چالیس منٹ تاخیر کا شکار،سعودی ائیر لائن کی
جدہ جانے والی پرواز 737 تاخیر کا شکار،اتحاد ائئر لائن کی ابوظہبیجانے والی پرواز 242 تاخیر کا شکار،پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز 303 تاخیر کا شکار،ائیر بلیو کی دبئی جانے والی پرواز 410 تاخیر کا شکار،ائیر بلیو کی جدہ جانے والی پرواز 470 تاخیر کا شکار،پی آئی اے کی جدہ جانے والی پرواز 859 تاخیر کا شکار رہی ۔ دوسری جانب کراچی کے علاقوں کلفٹن، ڈیفنس، اورنگی ٹائون، فیڈرل بی ایریا،
بلدیہ ٹاون، سائٹ، اسکیم 33، ناظم آباد، نارتھ کراچی سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہلکی دھند ہونے کے باعث ایئر پورٹ کے علاقے میں حدِ نگاہ 1500 میٹر رہی۔کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔شہرِ قائد میں شمال مشرق کی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیںجن میں نمی کا تناسب 90فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ کوئٹہ، ژوب، بارکھان میں بھی بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے پہاڑوں اور چند مقامات پر درمیانی سے
شدید بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔زیارت، نوکنڈی، چاغی، نوشکی، قلات، دالبندین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ میں بھی بارش کا امکان ہے، قلعہ عبداللہ، چمن، مسلم باغ اور پشین میں بھی بارش کی پیش گوئی، مکران کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کی بھی توقع ہے۔پنجاب کے خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، لیہ، بھکر، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک میں بارش کی توقع ہے، سنگھ، جھنگ، گوجرانوالہ،
گجرات، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب میں بھی بارش کا امکان ہے، قصور، ساہیوال، اوکاڑہ اور لاہور میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، مری، گلیات اور گرد و نواح میں درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، ملتان، خانیوال اور پاکپتن میں
ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، صبح کے اوقات میں سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد اور موہنجوداڑو میں دھند کی شدت میں کمی کا امکان ہے، خیبرپختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، کرک، چارسدہ، پشاور، نوشہرہ میں بارش ہونے کی توقع ہے، جبکہ صوابی، لکی مروت، دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ،
ایبٹ آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔کوہستان، کرم، باجوڑ،خیبر، پاراچنار اور وزیر ستان میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ اورایبٹ آباد میں چند مقامات پر درمیانی سے شدید بارش، برفباری کی بھی توقع ہے، مزید برآں دیامیر، استور، غذر، اسکردو،
ہنزہ، گلگت، گانچھے، شِگر میں مطلع ابر آلود رہنے، بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور میں مطلع ابر آلود، بارش اور برفباری کی توقع ہے۔