تل ابیب (این این آئی )اسرائیل کے سبکدوش ہونے والے وزیردفاع بینی گینز نے کہا ہے کہ صہیونی ریاست نے ایران پر حملہ کرنے کے لیے اپنی حربی تیاریوں کو بہتربنا لیا ہے۔انھوں نے فوج کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تیاریوں کا حوالہ دیا ہے۔
اسرائیل کی ایران پر حملے کے لئے تیاری مکمل ہے، میڈیارپورٹس کے مطابق بینی گینز نے سرائیلی فضائیہ کی گریجوایشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی دن پائلٹوں کو اس طرح کے حملے میں حصہ لینے کے لیے طلب کیاجاسکتا ہے۔گینزنے کہا کہآپ دو یا تین سال میں آسمان کو مشرق کی طرف پارکرسکتے ہیں اور ایران میں جوہری تنصیبات پر حملے میں حصہ لے سکتے ہیں۔اس کے لیے ہم تیاری کررہے ہیں، جبکہ حالیہ برسوں میں تیاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔اسرائیل کویہ تشویش لاحق ہے کہ یوکرین جنگ میں ایران کی فوجی صلاحیت پرروس کا بڑھتا ہوا انحصار اس کے بدلے میں تہران کو جوہری پروگرام کے لیے روسی مدد حاصل کرنے کا موقع مہیا کرسکتا ہے۔ اسرائیل ایران کے اس دعوے کو بھی مستردکرچکا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے اور کہا ہے کہ وہ ایران کوجوہری بم کے حصول سے روکنے کے لیے کوئی بھی ضروری اقدام کرے گا۔