ماسکو (این این آئی)روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کو طویل مدت کے لیے قدرتی گیس سپلائی کی جا سکتی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یورپ کو یامل-یورپ گیس پائپ لائن کے ذریعے گیس فراہم کرنے لیے تیار ہیں،
پاکستان اور افغانستان کو بھی طویل مدت کے لیے گیس فراہم کی جا سکتی ہے۔روسی نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے کہا کہ گیس کی قلت کے باعث یورپی مارکیٹ اہم ہے اور ہمارے پاس گیس کی دوبارہ سپلائی کا ہر موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ گیس کی سپلائی کا مثال یامل –یورپ پائپ لائن ہے جو سیاسی اسباب کے باعث بند کئی گئی تھی۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ میں مرکز بنانے کے بعد اس کے ذریعے اضافی گیس سپلائی کرنے کے لیے بھی روس کی بات چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے 2022 میں یورپ کو 21 ارب کیوبک میٹر ایل این جی (قدرتی) گیس سپلائی کی گئی ہوگی۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال ہم نے یورپ کو گیس کی سپلائی بڑھائی ہے جہاں 11 ماہ میں 19 ارب 4 کروڑ کیوبک میٹر گیس سپلائی کی گئی جو اس ماہ کے اختتام پر 21 ارب کیوبک میٹر تک پہنچ جائے گی۔نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے کہا کہ روس طویل مدت کے لیے افغانستان اور پاکستان کی مارکیٹس کو بھی وسطی ایشیا یا پھر ایران کے ذریعے قدرتی گیس سپلائی کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گھریلو استعمال کے لیے گیس کے استعمال کو بڑھانے کے لیے روس اور آذربائیجان کے درمیان بھی معاہدہ طے پایا گیا ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل میں جب آذربائیجان گیس کی پیداوار میں اضافہ کرے گا تو ہم تبادلہ پر بات کر سکیں گے، مزید کہا کہ ماسکو کی طرف سے کازکستان اور ازبکستان کو بھی بڑی مقدار میں گیس سپلائی کرنے کے لیے بات چیت ہو رہی ہے۔