لاہور( این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رئوف انجری کا شکار ہو کر انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے جس کے بعد پاکستان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ فاسٹ بولر حارث رئوف راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے
روز فیلڈنگ کے دوران گر کر انجرڈ ہوئے تھے۔جس کے بعد وہ دائیں ٹانگ میں کھنچا ئو محسوس کررہے تھے۔حارث رئوف نے ٹانگ میں کھنچائو کے باعث انگلینڈ کے خلاف پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز بولنگ بھی نہیں کی تھی۔پی سی بی کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز حارث رئوف کے ایم آر آئی اسکین کیے گئے تھے۔ایم آر آئی کرانے کے بعد ڈاکٹرز نے حارث رئوف کو 2 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ وہ ملتان اور کراچی میں شیڈول ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔ متبادل کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔پی سی بی کے مطابق حارث رئوف جلد لاہور میں ری ہیب پروگرام شروع کریں گے۔واضح رہے کہ حارث رئوف سے قبل فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی پہلے ہی ان فٹ ہونے کی وجہ سے سیریز میں حصہ نہیں لے رہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ ملتان میں 9 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔