کوئٹہ/اسلام آباد (این این آئی)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پو لیس کے ٹرک پر خود کش دھماکے کے نتیجے میں خا تون سمیت4افراد شہید اورپو لیس اہلکاروں سمیت 25افراد زخمی ہو گئے ۔ ڈی آئی جی پو لیس کوئٹہ غلام اظفر مہیسر کے مطابق بدھ کی صبح کوئٹہ کے علا قے بلیلی میں ڈیوٹی پر جا نے والے پو لیس کے ٹرک کے قریب خود کش دھماکہ ہوا ۔
جس کے نتیجے میں4افراد پو لیس کے اے ایس آئی محمد ابرہیم اورزینب بی بی زوجہ ظفر، عدنان ،عمران شہید جبکہ ، سکندر خان، منظوراحمد، محمد نواز، گل جان، بہرام خان، عبد الحق، فہیم خان، جمیل احمد، رحیم اکرام ، عامر بخش ، ضیاء الرحمن، ہارون نثار،قادر بخش ، محمد ہدایت ، غلام حیدر، محمد نعیم، نیال الدین ، شاہ نواز، ظفر خان، عمر خان اور ندا سمیت 25افراد زخمی ہو گئے ۔ڈی آئی جی پو لیس غلام اظفر مہیسر کے مطابق دھماکہ کاہدف پولیس کا ٹرک تھا جسے رکشے میں سوار خود کش بمبار نے نشانہ بنایا دھماکے میں 20سے 25کلو گرام دھماکہ خیر مواد استعمال کیا گیا ۔ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری پہنچ گئی اور شواہد اکھٹے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔ دریں اثناء کوئٹہ کے علا قے بلیلی میں دھماکے میں شہید ہو نے والے پو لیس کے اے ایس آئی محمد ابراہیم کی نماز جنازہ پو لیس لائن کوئٹہ میں اد ا کر دی گئی جس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور آئی جی پو لیس بلو چستان عبد الخا لق شیخ ،کمانڈنٹ بی سی چوہدری سلمان کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے شرکت کی ۔
بعد ازاں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ٹراما سینٹر سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے دھماکہ کی زخمیوں کی عیادت اورڈاکٹروں کو دھماکے کے زخمیوں علاج معالجہ کی ہدایات کی ہے ۔صدر مملکت عارف علوی اوروزیر اعظم شہباز شریف نے بلیلی، کوئٹہ میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکارشہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
پولیس اہل کار، خاتون اور بچے کی شہادت پر وزیراعظم نے رنج وغم اور افسوس کا اظہار، اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیو کے خلاف جنگ لڑنے والوں سے لڑنے والے ہمارے بچوں اور معاشرے کو مفلوج بنانا چاہتے ہیں ،انسداد پولیو کے لئے قومی خدمات انجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان حکومت،شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو شہدا پیکج دے۔
دہشت گردوں اور پولیو کے خاتمے کے قومی ہدف کو حاصل کر کے رہیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو۔صبر جمیل دے۔وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی ۔وزیراعلیٰ نے بلو چستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے بلیلی چیک پوسٹ بلوچستان میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں اور بچے کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمی پولیس اہل کاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ دھماکا بظاہرخودکش لگتا ہے، بلوچستان حکومت سے واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کا ٹارگٹ پولیس پارٹی تھی۔ پولیس شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔۔