ٹیکسلا (این این آئی)ٹیکسلا میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران ایک شہری کی جانب سے سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان سے منتیں کرنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔میڈیا کو موصول ہونے والی ویڈیو میں شہری کو سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان سے منتیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔شہری پی ٹی آئی رہنما کو اللہ کا واسطہ دیکر کہہ رہا ہے کہ مہربانی کریں، ہماری گاڑی میں گھر کی خواتین ہیں، پیچھے ٹریفک میں پھنسے ہیں۔غلام سرورخان شہری کو جواب دیتے ہیں کہ اللہ کا واسطہ ہے یہاں سے چلے جائیں اور متبادل راستہ اختیار کر لیں۔گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان کی قیادت میں ٹیکسلا مارگلہ بائی پاس پر مظاہرہ کیا گیا تھا، احتجاجی مظاہرے کے باعث پشاور روڈ کئی گھنٹے بند رہی تھی۔