لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)رہنما اسد عمر نے دعوی سے کہا ہے کہ عمران خان کے قافلے پر ایک سے زائد جگہ سے فائر کیا گیا۔لبرٹی چوک لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج سے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ عینی شاہد موجود ہیں، جنہوں نے دیکھا ہے کہ ایک سے زائد جگہ سے عمران خان کے قافلے پر فائر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ منظم سازش کر کے عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی، دو مختلف آٹو میٹک ہتھیاروں کے برسٹ مارے گئے۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ تم کتنی دیر ایف آئی آر کو روکو گے، عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ تو درج ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری ریڈ لائن کراس ہو اور ہم خاموش بیھٹے رہیں یہ نہیں ہوسکتا۔اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ 75 سال کے سینیٹر اور ان کی بیوی کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔