اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیر خزانہ اسحق ڈار نے ڈالر کو 200 روپے سے نیچے لانے کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے اور اسٹیک ہولڈرز کو یقین دہانی
کرائی کہ پاکستان ملکی اور غیرملکی قرض ادا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ اسحق ڈار نے گزشتہ روز کمرشل بینکوں کے سربراہان اور بڑی ایکسچینج کمپنیوں کے سربراہوں کے ساتھ 2 اجلاسوں میں ملاقات کی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سمیت فنانس ڈویژن اور اسٹیٹ بینک کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔بینک سربراہان کے ساتھ ملاقات کے دوران اسحق ڈار نے حکومت کی ترجیحات سے شرکا کو آگاہ کیا اور مستحکم اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ نے بینکوں کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت کی مالی صورتحال مکمل طور پر سازگار ہے اور حکومت اپنے ملکی اور عالمی معاہدوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ایکسچینج کمپنیوں کے سربراہوں کے ساتھ اپنی ملاقات میں وزیر خزانہ نے اسمگلروں کو خبردار کیا کہ وہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور تجارت سے باز رہیں۔