پشاور (این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف بھی بندوقیں لانے کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کی حمایت میں آ گئے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ علی امین گنڈاپور آڈیو میں لائسنس یافتہ اسلحے کی بات کر رہے ہیں، اپنی حفاظت کے لیے لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے میں قباحت نہیں۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ خود غنڈہ گردی اور تشدد کی بات کر رہے ہیں، اگر لائسنس یافتہ گارڈز حفاظت پر مامور ہوں تو اس میں برائی کیا ہے؟بیرسٹر محمد علی سیف نے علی امین گنڈاپور کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں، رانا ثنا اللّٰہ علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کی فکر کی بجائے اپنی فکر کریں۔انہوںنے کہاکہ رانا ثنا ء اللہ جلد ہمارے شکنجے میں آنے والے ہیں، امپورٹڈ حکومت پی ٹی آئی کارکنوں کے گھیرے میں ہے، بھاگنے نہیں دیں گے، رانا ثنا اللّٰہ عقل سے کام لے کر اپنے بھاگنے کا بندوبست کریں۔