اسلام آباد(این این آئی) الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کے بعد عمران خان کی بنی گالہ سے تصویر سامنے آگئی۔تفصیلات کے مطابق نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما فوادچوہدری نے سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کی تصویر شیئرکردی،
جس میں عمران خان پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران مسکراتے رہے۔فوادچوہدری نے پیغام میں لکھا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور شہریوں کو مبارکباد دیتا پیش کرتا ہوں، پورے ملک میں عوام بغیر کال کے وہ باہر نکل رہے ہیں اوراپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں، عمران خان کی یہ تصویر اب سے کچھ لمحے پہلے کی ہے، اطمینان جو ان کہ چہرے پر ہے یہ عوام پر اعتبار کا اعتماد ہے۔قبل ازین پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ پاکستان کے آئین، قانون اور اداروں پر حملہ ہے، عوام لانگ مارچ کی تیاری کریں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سے کبھی بھلے کی امید نہیں تھی، الیکشن کمیشن کا نشانہ صرف عمران خان ہے۔فواد چوہدری نے کہاکہ کیا یہ پاکستان کے 22کروڑ لوگوں کو نااہل کردیں گے، یہ پاکستان کے آئین، قانون اور اداروں پر حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی ایک ہفتہ قبل عمران خان دو تہائی اکثریت سے جیت کر آرہا ہے، یہ پاکستان کے 22کروڑ لوگوں کو جوتا مارا گیا ہے، پاکستانی عوام سے کہتا ہوں حق کے لیے باہر نکلیں
، جس طریقے سے فیصلہ کیا گیا پورا پاکستان مسترد کرتا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ان ایوانوں کو الٹا کر ہی پاکستان کا آئین بچایا جا سکتا ہے، ابھی تو گھیرا ئوکی طرف گئے نہیں تو اسلام آباد کو قلعہ بنا دیا گیا، پورے پاکستان کے کنٹینرز اسلام آباد میں آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈھائی کروڑ روپے کے تحائف کیلئے کہا گیا کہ آپ نے ظاہر نہیں کیے، ہمارے وکیل نے ہر چیز ڈکلیئرڈ کی ہے، عوام لانگ مارچ کی تیاری کریں۔ الیکشن کمیشن نے جو فیصلہ کیا غلط کیا، ہر سطح پر چیلنج کریں گے۔