اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے دوران ٹاس سے قبل میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے دونوں کپتانوں کو مصافحہ کرنے سے روکنے کے واقعے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید کارروائی کر ڈالی۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر خط ارسال کیا ہے جس میں اینڈی پائی کرافٹ کو آئندہ ہوم سیریز سے بھی ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اگلے ماہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والی آل فارمیٹ سیریز میں اینڈی پائی کرافٹ کو بطور میچ ریفری نامزد کیا گیا تھا، تاہم پاکستان نے اپنی خط و کتابت میں واضح کیا ہے کہ وہ اس سیریز میں ان کی تعیناتی قبول نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کی مینز ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کے دورے پر آرہی ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تینوں فارمیٹس کی کرکٹ کھیلی جائے گی۔