اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس پر فیصلہ آج سنائے گا۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے فول پروف سکیورٹی طلب کرنے کے بعد کمیشن کے اطراف سکیورٹی کے
سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پی ٹی آئی کارکنوں کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر آنسو گیس کے شیل پہنچادیے گئے ہیں۔اسلام آباد انتظامیہ نے ایس ایس پی کی نگرانی میں سکیورٹی تعینات کی جس میں ایک ایس ایس پی ، 5 ایس پیز ، 6 ڈی ایس پی سمیت ساڑھے 11 سو اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جب کہ پولیس کے ساتھ ایف سی اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہیں۔الیکشن کمیشن میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے اور ریڈ زون میں بھی داخلہ محدود کردیا گیا ہے۔پولیس کاکہنا ہےکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو الیکشن کمیشن تک پہنچنے نہیں دیا جائے گا۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے آج فیصلے سے قبل اہم اجلاس طلب کیا جس میں اسلام آباد انتظامیہ سکیورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی جب کہ اجلاس میں توشہ خانہ ریفرنس فیصلے پر بھی حتمی مشاورت کی گئی۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ کیس میں آج (جمعہ کو ) فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی مانگ لی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ دیا ہے جس میں پولیس کی بھاری نفری طلب کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔خط میں کہا گیاہے کہ آج توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے وقت کارکنان کے آنے کا خدشہ ہے۔ریڈ زون اور الیکشن کمیشن کی عمارت کے ارد گرد سیکیورٹی تعینات کی جائے۔