لاہور (ا ین این آئی) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے ٹیم کے ہمراہ شاد باغ میں چھاپہ مار کر مربہ یونٹ کی پروڈکشن بند کروا دی ۔
گلے سڑے پھلوں ،سبزیوں کو کیمل ڈال کر بنائے جانیوالے 600کلو سے زائد مربہ کو موقع پر تلف کر کے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ تنگ گلی میں واقع گھر میں چھپ کر مربہ یونٹ لگایا گیا تھا، گلے سڑے پھلوں،سبزیوں کو ہودیوں میں کیمیکل ڈال کر بغیر ڈھانپے رکھا پایا گیا۔ڈرموں اور ہودیوں میں موجود مربہ پر فنگس،کیڑے مکوڑوں اور مکھیوں کی بھر مار پائی گئی،فنگس اورکیمیکل زدہ گلے سڑے پھلوں کو دلکش پیکنگ لگا کر مربہ کے نام پر مہنگے داموں فروخت کیا جارہا تھا۔ریکارڈ کی عدم دستیابی اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر پروڈکشن بند کی گئی۔انہوں نے کہا کہ غذائیت سے بھرپور اشیا خورونوش کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے گزارش ہے کہ گردونواح میں موجود ایسے عناصرکے خاتمے میں پنجاب فوڈاتھارٹی کی معاونت کریں۔