لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو خط لکھ کر بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شا کے بیان کی مذمت کی ہے۔اگلے برس 2023ء میں ایشیاکپ کی میزبانی پاکستانی کو کرنی ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری نے بیان دیا ہے کہ
بھارتی ٹیم ایونٹ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی جبکہ ایشیا کپ کے نیوٹرل ونیو پر بھی کرانے کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔دوسری جانب آئندہ سال ورلڈ کپ کے لئے گرین شرٹس کو پڑوسی ملک بھیجنے کے فیصلے پر بھی ازسرنو غور کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ میں ہونے والا فیصلہ سیکریٹری کے خود ہی کر لینے پر سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی معاملے پر ایشین کرکٹ کونسل کو خط لکھا ہے ۔خط ایشیاء کپ کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان نہ بھیجے جانے کے بیان پر لکھا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے خط میں سیکریٹری جے شا کے بیان کی مذمت کی ہے اور اے سی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔یاد رہے کہ بھارتی ٹیم آخری بار 2008ء میں ایشیا کپ کے لئے ہی پاکستان آئی تھی، اس کے بعد صرف ایک باہمی سیریز 2012/13 میں ہوئی جب گرین شرٹس نے بھارت جاکر وائٹ بال میچز کھیلے تھے۔واضح رہے کہ دونوں روایتی حریف ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں 23 اکتوبر اتوار کے روز ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔