اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح کمزور حکومت ملی تو قبول نہیں کروں گا۔صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت کمزور تھی، ویسی حکومت اب ملی تو وہ کبھی قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ حکومت میں تھے تو ان پر بہت زیادہ دباؤتھا، نیب اور عدالتیں ان کے اختیار میں نہیں تھیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے فیصلہ کن مارچ اسی مہینے ہوگا،مخالفین کی کوشش ہے کہ انہیں نااہل کروائیں اس لیے نت نئے مقدمات بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت آئی تو پاکستان دیوالیہ ہوچکا تھا، پاکستان میں طاقتور شوگر، تیل اور بلڈر مافیا نے نظام پر قبضہ کر رکھا ہے۔عمران خان نے کہا کہ کرپٹ اشرافیہ نے مفادات کیلیے دستور و قانون کی پامالی کا کلچر پروان چڑھایا، میں نے ساری زندگی میرٹ پر کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوری انتخابات ہی موجودہ سیاسی و معاشی بحران سے نجات کا واحد ذریعہ ہیں، یہ عوام کے اندر نہیں جا سکتے، اس لیے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جب ہم سے حکومت چھینی گئی تو پاکستان میں ترقی کی شرح 6 فیصد تھی، موجودہ ٹولے نے 6 مہینے میں ہی پاکستان کو دیوالیہ کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ساڑھے 3 سالہ دور حکومت میں صرف 5 دن چھٹی کی وہ بھی جب مجھے کورونا ہوا، جب حکومت میں تھا تو مجھ پر بہت زیادہ پریشر تھا۔عمران خان نے الزام لگایا کہ شہباز شریف نے 16 ارب روپے کی چوری کی، لیکن حکومت حاصل کرنے کے بعد وہ کیسز سے بری ہوگئے۔