راولپنڈی (آن لائن)افواج پاکستان نے پاکستان کے مضبوط نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور سٹرٹیجک اثاثوں سے متعلق سکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے جس نے اپنی جوہری سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے
تمام ضروری اقدامات اٹھائے،افواج پاکستان کے ترجمان کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں 252 ویں کور کمانڈرز کانفرنس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں ہوئی جس کے دوران پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سکیورٹی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے موجودہ اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا،آئی ایس پی آر کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے بعد کی صورتحال میں ریلیف اور بحالی کی کوششوں کے لیے سول انتظامیہ کو فوج کی مدد سے آگاہ کیا گیا،فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا،فورم نے پاکستان کے مضبوط نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول،سٹرکچر اور ملک کے سٹرٹیجک اثاثوں سے متعلق سکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا،فورم کو آگاہ کیا گیا کہ ایک ذمہ دار جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاست کے طور پر، پاکستان نے اپنے جوہری سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں جو کہ بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق ہیں،چیف آف آرمی سٹاف نے سیلاب کے دوران فرائض کی انجام دہی اورفارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔