لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار پیش کرنے کیلئے سرکاری وکیل کو آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 26اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جوڈیشل ایکٹوزم کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم یا زیادہ کرنے کا کوئی میکنزم نہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے وقت قوانین اور رولز کی خلاف وزری کی جاتی ہے۔درخواست گزار نے مزید کہا کہ عدالت فوری پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا طریقہ کار طلب کرے۔دوران سماعت سرکاری وکیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے میکنزم سے متعلق تفصیلات جمع نہ کرائیںجس پر فاضل عدالت نے ناراضی کا اظہار کیا اورقرار دیا کہ آئندہ سماعت پر سرکاری وکیل کو کوئی موقع نہیں دیا جائے گا، ہر حال میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے طریقے سے متعلق تفصیلی رپورٹ دی جائے۔