نیویارک(این این آئی)پاکستان کی ہر گلی میں بکنے والے سموسے، گلاب جامن، چکن تکہ، فیرنی، کڑک چائے امریکا میں مقبول ہوگئے۔پاکستان نے واشنگٹن کے سمتھ سونین میوزیم میں منعقدہ ایمبیسی شیف چیلنج 2022 میں پیپلز چوائس ایوارڈ کی رنر اپ ٹرافی جیت لی ہے۔
اس تقریب کا اہتمام امریکا کے دارالحکومت میں متنوع کمیونٹیز کے کھانے، تہذیب و ثقافت اور تفریحی جشن کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ یہ تقریب 2022 ایونٹز DC انٹرنیشنل سٹی فوڈ فیسٹیول کا حصہ تھی۔اس میں کھانوں کے ماہرین کو پاکستانی اسٹریٹ فوڈ سے متعارف کروایا گیا جس میں سموسہ، چکن تکا، گلاب جامن، فرنی اور کڑک چائے شامل تھے۔اس موقع پر پاکستانی سفیر مسعود خان کا کہنا تھا کہ یہ تیسرا موقع ہے جب پاکستان نے ایمبیسی شیف چیلنج میں شمولیت اختیار کی ہے۔ یہ ہمارے کھانوں، ثقافتی فرق کو ختم کرنے اور بین الاقوامی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پاکستانی مصنوعات کی نمائش کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز چوائس ایوارڈ جیتنے سے نا صرف ہمارے کھانوں کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملے گی بلکہ اس شعبے میں ہم اپنی ڈپلومیسی کو مزید بلندیوں تک لے جائیں گے۔واضح رہے کہ ان مقابلوں کا آغاز 2009 میں کیا گیا تھا، رواں برس ان مقابلوں میں 40 سے زائد ملکوں کے سفارت خانوں نے حصہ لیا تھا۔