اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے عمران خان کے لانگ مارچ اور ان کے ارادے سے متعلق بتا تے ہوئے کہاہے کہ عمران خان اسلام آباد پر واردات کرنا چاہتے ہیں،عمران خان 12 سے 17 اکتوبر کے درمیان لانگ مارچ کا ارادہ رکھتے ہیں۔ایک انٹرویومیں وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان 12 سے 17 اکتوبر کے درمیان
لانگ مارچ کا ارادہ رکھتے ہیں، عمران خان اسلام آباد پر واردات کرنا چاہتے ہیں، ہمیں پتا ہے عمران خان کیا کرنے جا رہا ہے، ہمارے بھی ذرائع ہیں۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد انتظامیہ سے اجازت لے کر مخصوص جگہ پر آکر احتجاج کرے، دھرنا دے، اگر اسلام آباد پر قبضہ کرنے آئے تو ان سے نمٹیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کے سامنے دو تجاویز رکھی ہیں، وزیراعظم ان تجاویز پر اتحادیوں سے مشاورت کریں گے، اگر اتحادی ان میں سے کسی بھی تجویز پر متفق ہوگئے تو یہ اپنا پروگرام بنانا بھول جائیں گے۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو آئینی اور جمہوری طریقے سے احتجاج کا حق ہے، تصادم عمران خان کرنا چاہتے ہیں، اگر جتھہ لے کرحکومت گرانے کی کوشش ہوئی تو پھر ایسا بار بار ہوگا، اگر جتھے لے کر حکومتیں گرانی ہیں تو پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کی کیا ضرورت ہے، اگر یہ جتھہ کامیاب ہوتا ہے تو ہم بھی تین ماہ میں جتھے کی تیاری کریں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ آڈیو لیکس کے پیچھے حکومت نہیں، وزیراعظم ہاؤس سے متعلق آڈیو لیک میں کسی ایجنسی کا ہاتھ نہیں، کمیٹی نے تحقیقات کی ہے، کافی حد تک نتیجے پر پہنچ چکے ہیں، اگر فون ہیکنگ ہوئی ہے اس کا تو پتا بھی نہیں لگے گا۔