نئی دہلی(این این آئی )رواں ماہ بھارتی رکشا ڈرائیور کی قسمت اس وقت کھلی جب اس نے لاٹری ٹکٹ خریدی اور خوش قسمتی سے وہ انعام میں کروڑوں روپے جیتنے میں بھی کامیاب ہوگیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کے ایک رکشا ڈرائیور انوپ نے
نوکری کے لیے ملائیشیا جانے سے ایک دن قبل 17 ستمبر کو اپنے بیٹے کے جمع کیے گئے پیسوں سے ایک لاٹری ٹکٹ خریدا اور خوش قسمتی سے اس نے لاٹری کا پہلا انعام 25 کروڑبھارتی روپے( 73 کروڑ سے زائد پاکستانی رقم)جیت لیا۔اتنا بڑا انعام جیتنے کے بعد انوپ کی زندگی اچانک تبدیل ہوگئی، مقامی اور غیر ملکی میڈیا میں بھی اس کی کہانی چھاپی گئی۔تاہم انعام جیتنے کیایک ہفتے بعد ہی بھارتی شہری نیایک ویڈیو بیان میں لوگوں سے درخواست کی کہ وہ اسے اور اس کے خاندان کو پریشان کرنا بند کریں۔رپورٹس کے مطابق لاٹری جیتنے کے بعد انوپ کو پڑوسیوں اور دیگر افراد کی جانب سے مالی مدد کرنے کی درخواستیں موصول ہونے لگیں ، اس کے علاوہ کئی افراد نے اسے مختلف مشورے بھی دینا شروع کردیے جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہوگیا۔بھارتی رکشا ڈرائیور نے کہا کہ اس سے اچھا ہوتا کہ میں لاٹری جیتتا ہی نہیں۔لوگوں سے پریشان ہوکر میں اپنا گھر تبدیل کرنے کا سوچ رہا ہوں۔انوپ نے کہا کہ ابھی تو مجھے انعامی رقم ملی بھی نہیں تو لوگوں کی جانب سے گھر کے باہر روز رش لگ جاتا ہے، میں اس سے تنگ آگیا ہوں،حالت یہ ہوگئی ہے کہ میں اپنے بیمار بیٹے کو ڈاکٹر کے پاس بھی نہیں لے جاپارہا۔