اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بابراعظم نے شاندار بیٹنگ کرکے تنقید کرنے والوں کے منہ بند کر دیے ہیں، دونوں اوپنرز بیٹرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور بغیر آؤٹ ہوئے 200 کا ہدف عبور کر لیا۔ بابراعظم نے 66 گیندوں کا سامنا کیا اور 110 رنز بنائے ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ اس سے قبل بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف 122 رنز کی اننگز کھیلی تھی، اس طرح بابراعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ بھی بابراعظم کے پاس ہے۔