اسلام آباد (این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے 6 روز کی تاخیر کے بعد بالآخر پیٹرولیم مصنوعات کی نظرثانی شدہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا مزید اضافہ ہوگیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق باضابطہ طریقہ
کار یہ ہے کہ نظر ثانی شدہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن رات 12 بجے کے قریب جاری کیا جاتا ہے، تاہم اس بار فنانس ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن 2 گھنٹے تاخیر کے بعد رات کے تقریباً 2 بجے جاری کیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 235 روپے 98 پیسے سے بڑھا کر 237 روپے 43 پیسے کر دی گئی ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 247 روپے 43 پیسے پر برقرار رکھی گئی ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت 8 روپے 30 پیسے کم کر کے 210 روپے 32 پیسے سے 202 روپے 2 پیسے کر دی گئی ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 4.26 روپے کمی کے بعد 201.54 روپے سے کم ہو کر 197.28 روپے ہو گئی ہے۔قیمتوں پر نظر ثانی 15 ستمبر کے بعد کی جانی تھی تاہم مسلم لیگ (ن)کی زیر قیادت اتحادی حکومت اس معاملہ پر مخمصے کا شکار رہی۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں ڈیڑھ ڈالر فی بیرل کم ہو کر 84 اعشاریہ 19 ڈالر پر آ گئی۔برطانوی برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت میں ایک اعشاریہ تیرہ ڈالر کی کمی ہوئی۔ برطانوی برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت نوے اعشاریہ اکیانوے ڈالر ہو گئی۔