طالبان نے طالبات کے سکول کھولنے کے بعد پھر بند کر دئیے
کابل(این این آئی)افغانستان کے مشرقی حصے میں واقعہ گردیز شہر میں سیکنڈری سکول دوبارہ بند کر دیے جانے کے خلاف سکولوں کی طالبات نے گردیز کے مرکز میں احتجاج کیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ایک مقام کارکن نے بتایا کہ سکولوں کی یہ بندش محض ایک دن کے لے سکول کھلنے اور کلاسز ہونے کے بعد کی گئی ہے۔ واضح رہے پچھلے ہفتے مشرقی صوبے پکتیا پانچ سکول کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان پانچ سکولوں کے کھولنے کا مطالبہ طالبات کے علاوہ مقامی قبائلی رہنماوں نے بھی کیا تھا۔لیکن جب سکولوں کی طالبات صبح سویرے اپنے سکولوں کی طرف پہنچیں تو انہیں بتایا گیا کہ وہ گھروں کو واپس چلی جائیں انہیں سکول کھلنے کا شیڈول بعد میں بتایا جائے گا، یہ کہہ کر طالبات کو سکولوں میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔اس پر سکول یونیفارم میں ملبوس بچیوں نے سکول انتظامیہ کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ مقامی طور پر سرگرم کارکن یاسمین نے ایک ریلی منظم کی۔