لاہور،دادو( آن لائن ، این این آئی)پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی مالی امداد میں اضافہ کر دیا۔اس حوالے سے ڈیرہ غازی خان کے کمشنر کا کہنا ہے کہ سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو امدادی رقم 8 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے جانور کے نقصان پر 75 ہزار روپے دیے جائیں گے جبکہ پکے گھروں کے نقصان کے لیے امداد1 لاکھ سے بڑھا کر 4 لاکھ روپے کر دی ہے ۔کچے گھروں کے نقصان کے لیے امداد 40 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کر دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی اترتے ہی سیلاب زدگان کی واپسی شروع ہو گئی ہے۔دوسری جانب دادو میں تحصیل جوہی میں نامعلوم افراد نے جوہی برانچ کو کٹ لگادیا، جس سے شہر کے ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔شہریوں کے مطابق اگر کٹ کو بھاری مشینری سے پر نہ کیا گیا تو پانی کی سطح میں اضافہ ہوگا اور شہر ڈوبنے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب منچھر جھیل میں پانی کی سطح کم نہ ہوسکی۔ دریائے سندھ کے قریب لاڑکانہ سیہون بچائو بند کو کٹ لگادیا گیا ،تیز ریلوں نے بھان سعید آباد کی دل نہر کے حفاظتی بند پر چوڑا شگاف لگادیا۔قمبر شہداد کوٹ کی تحصیل وارہ سے لے کر سیہون تک پانی کی سطح انتہائی معمولی کم ہوسکی ۔