سکھر(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ کے نوجوان میری ٹیم بنیں،زرداری کو شکست دیں گے، اندرون سندھ زرداری مافیا کی چوری کی وجہ سے پیچھے رہ گیا، حلیم عادل شیخ پر ظلم کیا جارہا ہے،قدرتی آفت سے آنیوالی تباہی افسوس ناک ہے،
تحریک انصاف متاثرین کی امداد کیلئے سرگرم ہے، سیلاب زدگان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پیر کو چیئرمین پی ٹی آئی وسابق وزیراعظم عمران نے سکھر میں سیلاب متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا اور ان کے مسائل سنے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ قدرتی آفت سے آنے والی تباہی افسوس ناک ہے، تحریک انصاف متاثرین کی امداد کیلئے سرگرم ہے، سیلاب زدگان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے بہت تباہی مچائی، سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثرہوا، میری ٹیم مجھے بتائے گی کونسے علاقے میں امداد پہلے پہنچانی ہے، سیلاب متاثرین کے لیے پیسہ اکٹھا کروں گا، جو پیسہ اکٹھا کیا اس میں سے ایک ارب سندھ سیلاب متاثرین پر لگایا جائے گا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب میرا اللہ ہمیں اگلی باری دے گا تو ڈیمز بنائیں گے، بلوچستان سے چلنے والے نالوں کی وجہ سے تباہی مچی، بلوچستان کے ان نالوں پر چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے، جب بھی پانی کا راستہ روکا جائے گا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دس ارب درخت لگائیں گے، سندھ کے نوجوان تیار ہوجائیں، وعدہ کرتا ہوں ڈاکو زرداری کو شکست دینی ہے، زرداری نے سندھ میں ظلم کا نظام بنایا ہوا، زرداری کو پیسہ بنانے کی بیماری ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سندھ کا پیسہ چوری کرکے باہر بھیجتا ہے، اندرون سندھ زرداری مافیا کی چوری کی وجہ سے پیچھے رہ گیا، حلیم عادل شیخ پر ظلم کیا جارہا ہے، زرداری فکر نہ کرو تمہارا وقت آنے والا ہے، سندھ کے نوجوان میری ٹیم بنیں زرداری کو شکست دیں گے۔