راولپنڈی، گجرات(این این آئی) سابق وزیر اعظم عمران خان کے قافلے میں شامل گاڑی کو روات کے قریب حادثہ پیش آ گیا، چلتی گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، گاڑی میں سوار افراد نے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔پولیس کے مطابق واقعہ کے وقت عمران خان کی گاڑی متاثرہ
گاڑی کے پیچھے تھی۔عمران خان کے قافلے میں شامل گاڑی کو اچانک آگ لگنے کے بعد موقعے پر موجود ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پالیا، واقعے میں عمران خان محفوظ رہے ۔پولیس کے مطابق واقعہ کا شکار ہونے والی گاڑی میں عمران خان کی پرسنل سکیورٹی کے افراد سوار تھے، جنہوں نے گاڑی میں آگ لگنے کے بعد گاڑی سے چھلانگیں لگا کر اپنی جان بچائی۔دوسری جانب گجرات سروس موڑ کی ٹوٹی سڑک 5 سال میں نہ بن سکی تاہم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے لیے صرف 8 گھنٹوں میں بنا دی گئی۔گزشتہ روز پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے شہر گجرات میں جلسہ کیا جس سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی خطاب کیا تھا۔جلسے میں شرکت کے لیے عمران خان کو گجرات سروس موڑ کی سڑک سے جلسہ گاہ پہنچنا تھا لیکن 5 سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک مقامی انتظامیہ کیلئے درد سر تھی۔گجرات موڑ کی ٹوٹی سڑک جو 5 سالوں میں تیار نہ ہو سکی وہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جلسہ گاہ پہنچنے کیلئے صرف 8 گھنٹوں میں تیار ہو گئی۔جلسے سے خطاب کے دوران پرویز الٰہی نے عمران خان کو گجرات سے الیکشن لڑنے کی پیشکش کی اور کہا کہ اس وقت کالا باغ ڈیم سوائے آپ کے اور کوئی نہیں بنا سکتا۔