کراچی، اسلام آباد( آن لائن ) شہر قائد کے بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر ہے کہ نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3.63 روپے فی یونٹ کی کمی منظور کرلی۔ بجلی کی قیمت میں کمی جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق نیپرا اس سلسلے میں تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔
کے الیکٹرک حکام کے مطابق آر ایل این جی کے استعمال میں کمی کے باعث لاگت میں کمی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ جون کی نسبت جولائی میں بجلی کی طلب بھی کم ہوئی۔ کے الیکٹرک حکام نے دعویٰ کیا کہ جون کی نسبت جولائی میں لوڈشیڈنگ میں 43 فیصد کمی ہوئی۔چیئرمین نیپرا نے درخواست کی سماعت کے دوران کہا کہ صارفین کی جانب سے لوڈشیڈنگ کی بہت زیادہ شکایات موصول ہوئیں۔جولائی میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 59 کروڑ روپے کا بوجھ پڑا۔دوسری جانبنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 34 پیسے اضافے کی منظوری دیدی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسیز(سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کی تھی، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 34 پیسے کا اضافہ کردیا۔قیمتوں میں اضافے کی منظوری جولائی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں دی گئی ہے۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) درخواست میں کہا تھا کہ جولائی میں بجلی کی پیداواری لاگت 10.98 روپے فی یونٹ رہی جب کہ یشگی فیول لاگت 6.28 روپے فی یونٹ تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 35 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔
سی پی پی اے کے مطابق گزشتہ ماہ پانی سے 35.17 فیصد، کوئلے سے 12.74 فیصد بجلی پیدا کی گئی جب کہ ڈیزل سے 1.46 اور فرنس آئل سے 6.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ڈیزل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 27 روپے 88 پیسے فی یونٹ آئی۔سی پی پی اے کا کہنا تھا کہ فرنس آئل سے 35 روپے 69 پیسے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا کی گئی جب کہ مقامی گیس سے 10.36 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 14.98 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 28 روپے 28 پیسے فی یونٹ آئی ۔#/s#