اسلام آباد (این این آئی)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بغاوت اور عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت خارج کردی۔ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے
ہوئے شہبازگل کی درخواست ضمانت خارج کی۔یاد رہے کہ شہباز گل نے گزشتہ ہفتے ضمانت کے لیے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو نجی نیوز چینل(اے آر وائی) پر متنازع بیان دینے کے بعد اسلام آباد پولیس نے بغاوت اور عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کے الزام میں 9 اگست کو حراست میں لے کر ان کے خلاف تھانہ کوہسار پولیس نے سٹی مجسٹریٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔گزشتہ روز، اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں شہباز گل کی درخواست ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے سماعت کی تھی۔دوران سماعت ملزم کے وکیل نے کہا تھا کہ شہباز گل نے بغاوت کے متعلق کبھی سوچا ہی نہیں، ٹرانسکرپٹ کے مختلف جگہوں سے پوائنٹ اٹھا کر مقدمہ درج کیا گیا، الزام ایسے ادارے پر لگائے جارہے ہیں جو رات کو سڑکوں پر جاتے ہیں، اس سارے بیان پر کسی جگہ پر غلطی فہمی پیدا ہوئی ہے، شہباز گل اس غلط فہمی کو دور کرنے پر تیار ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ شہباز گل معافی مانگنے پر بھی تیار ہیں لیکن یہ حق کس طرح ملا مختلف پوائنٹ اٹھا کر بغاوت کا الزام لگا دیا گیا، کمرہ عدالت میں شہباز گل کے بیان اور اینکر کے سوال سے متعلق ویڈیو چلائی گئی