اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔عمران خان کی عدالت آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جس کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی کی گاڑی کو جوڈیشل کمپلیکس میں آنے
کی اجازت نہ ملی اور وہ پیدل چل کر عدالت تک گئے۔سابق وزیراعظم کی عدالت آمد کے موقع پر شدید دھکم پیل ہوئی اور اس دوران عدالت میں آنے کیلئے لگایا گیا واک تھرو سکیورٹی گیٹ بھی توڑ دیا گیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز بھی دھکم پیل کررہے ہیں۔علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی دہشت گردی کے مقدمے میں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں یکم ستمبر تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زیبا چوہدری اور اسلام آباد پولیس کے سربراہ کو دھمکیاں دینے کے الزام میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت پہنچے، اس موقع پر فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں اضافی سیکیورٹی تعینات کی گئی ۔