اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج سے لڑائی شروع ہے، اداروں سے کہتا ہوں کہ قومی سلامتی ، قومی معیشت اور قومی اثاثے قوم کے ساتھ ہوتے ہیں اور آج قوم عمران خان کے ساتھ ہے۔
قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کسی کو اہل اور کسی کو نااہل بنانے کے چکر میں بہت بڑا مسئلہ ہو سکتا ہے، عوام پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے،چور و ڈاکو حکومت میں آنے کے بعد اپنے کیس ختم کرنے کے لیے مصروف ہیں۔جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے اور اثاثے قوم کے ساتھ ہوتے ہیں اور قوم عمران خان کے ساتھ ہے، آج بھی ملک کا وزیراعظم عمران خان ہے چور اور ڈاکوں نہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا چور نواز شریف ہے،عمران خان جب وزیراعظم تھا 6 فیصد ترقی ہو رہی تھی، سب اداروں سے کہتا ہوں روک سکوتو روک لو عمران خان آنے والا ہے۔دریں اثنا اپنے ٹوئٹ میں شیخ رشید احمد کہا کہ پیمرا نے الیکٹرانک میڈیا کو نوٹس جاری کردیے ہیں اہم ترین فیصلہ آنے سے پہلے سوشل میڈیا کے خلاف بھی اتھارٹی بن جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یوٹیوبر کو بھی گھیرے میں لیا جانے والا ہے، ن اور ش آمنے آنے والی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کسی کو اہل اور کسی کو نااہل بنانے کے چکر میں بہت بڑا مسئلہ ہو سکتا ہے۔