اسلا م آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پربھنی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک کم عمر لڑکی نے سفر کے دوران چلتی بس میں بچے کو جنم دیا، اور بعد ازاں مبینہ طور پر اس کے ساتھی مرد نے نومولود کو بس کی کھڑکی سے نیچے پھینک دیا، جس کے نتیجے میں بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔مقامی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پونے سے پربھنی جانے والی ایک سلیپر کوچ بس میں 19 سالہ لڑکی ریتیکا دھیرے نے زچگی کے دوران ایک بچے کو جنم دیا۔ اس دوران اس کے ہمراہ موجود الطاف شیخ نامی شخص، جو خود کو اس کا شوہر ظاہر کر رہا ہے، نے نومولود کو بس کی کھڑکی سے نیچے سڑک پر پھینک دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، سڑک کنارے موجود ایک شہری نے بس سے کوئی چیز پھینکے جانے کا منظر دیکھا۔ جب وہ قریب پہنچا تو معلوم ہوا کہ وہ کپڑے میں لپٹا ہوا ایک نوزائیدہ بچہ ہے، جس کے بعد اس شہری نے فوراً پولیس کو مطلع کیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے بس کو روک لیا اور دونوں افراد کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ تفتیش کے دوران ریتیکا اور الطاف نے اعتراف کیا کہ وہ بچے کی پرورش کے قابل نہیں تھے، اسی لیے انہوں نے یہ انتہائی اقدام کیا۔پولیس حکام کے مطابق، دونوں افراد کا تعلق پربھنی سے ہے اور وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے پونے شہر میں مقیم تھے۔ دونوں نے میاں بیوی ہونے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم ان کے پاس شادی یا تعلق کے ثبوت کے طور پر کوئی قانونی دستاویز موجود نہیں ہے۔پولیس نے معاملے کی مزید چھان بین شروع کر دی ہے، اور بچہ قتل کیس کے تحت دونوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔