اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور پروڈیوسر دھیرج کمار طویل علالت کے بعد 79 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
رپورٹس کے مطابق وہ کچھ روز سے ممبئی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے اور انہیں نمونیا کے باعث انتہائی نگہداشت کے وارڈ (ICU) میں رکھا گیا تھا۔ حالت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔ گزشتہ روز ان کی طبیعت تشویشناک حد تک خراب ہو گئی جس کے بعد ان کے اہل خانہ نے مداحوں سے دعا کی اپیل کی تھی۔
دھیرج کمار نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 1965 میں ایک ٹیلنٹ ہنٹ شو کے ذریعے کیا۔ اس کے بعد وہ فلمی دنیا میں چھا گئے اور خاص طور پر 1970 کی دہائی سے 1980 کی دہائی کے وسط تک متعدد کامیاب فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔
ان کی مشہور فلموں میں “روٹی کپڑا اور مکان”، “سرگم”، “شریمان شریمتی” اور “بہروپیا” شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، انہوں نے 21 پنجابی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، جس کے باعث ان کا پنجابی سینما میں بھی بڑا نام رہا۔
مرحوم کی آخری رسومات بدھ 16 جولائی کو ان کے آبائی علاقے پنجاب میں ادا کی جائیں گی۔
دھیرج کمار کی فنی خدمات اور فلمی دنیا میں ان کی گراں قدر کارکردگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔