کراچی (این این آئی)سینئر پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے سابق کرکٹر ظہیر عباس کی مدد کیلئے اپیل کی ہے۔عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر اپنے کرکٹر ظہیر عباس کی تصاویر کا کولاج شیئر کیا ہے۔انہوں نے یہ تصاویر
شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ میری وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے پر زور اپیل ہے جنہیں میں نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسی شخص کو ایک ایسے اداکار کی مدد کرنے کو کہتے سنا جوکہ مالی پریشانی سے گزر رہا ہے۔انہوں نے لکھا کہ جناب، نادانستہ طور پر ایئرپورٹ پر آپ کی بات سننے پر میں آپ سے معذرت چاہتا ہوں لیکن انڈسٹری کیلئے آپ کی اس تشویش نے مجھے بہت متاثر کیا۔عدنان صدیقی نے اپنی اس انسٹا پوسٹ کے آخر میں وزیراعلی سندھ سے اپیل کی کہ وہ اسی جذبے سے پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان ظہیر عباس کی مدد کیلئے بھی آگے آئیں جو برطانیہ میں زیر علاج ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ دیکھنا تکلیف دہ ہے کہ ایک کھلاڑی جس نے ملک کو عالمی سطح پر شہرت دلائی، جسے ایشیا کے بریڈ مین کے نام سے جانا جاتا ہے اور پاکستان کے باوقار اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے، ایسا شخص جوکہ آنیوالی کئی نسلوں کی حوصلہ افزائی ہے، اسے اپنے ملک سے کوئی مدد نہیں ملی۔انہوں نے لکھا کہ مجھے یقین ہے کہ این ایچ ایس انہیں ضروری امداد فراہم کر رہا ہوگا، کیونکہ وہ ریڈ پاسپورٹ ہولڈر ہیں لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری سے بری ہوگئے ہیں۔ عدنان صدیقی نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے ہیرو کی مدد کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔