اسلام آباد (آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے رابطے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عمران خان اور پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان رابطہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
اور امریکی سفیر کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا تھا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سائیڈ روم میں تنہا لے جا کر امریکی سفیر اور سابق وزیراعظم عمران خان کے درمیان بات کرائی۔ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ لو کے خیالات کو امریکی حکومت کا مؤقف نہیں بننا چاہیے تھا۔ پاکستان کے عوام نے اسی لیے امریکا کے خلاف شدید ردعمل دیا۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ مجھے ذمہ داری سنبھالے دو ماہ کا عرصہ ہوا ہے، آپ کی بات سے اپنی حکومت کو آگاہ کروں گا۔ خیال رہے کہ 4 اگست کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی تھی۔ جس میں صوبائی وزیر خزانہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں حکومتوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمود خان نے کہا کہ مختلف شعبوں میں امریکی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔