برمنگھم /اسلام آباد (این این آئی)کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کیلئے جانے والے پاکستانی باکسرز کے برمنگھم میں لاپتہ ہونے کے معاملے پر کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن نے برطانوی پولیس کو باضابطہ رپورٹ کردی۔
ذرائع کے مطابق گمشدہ پاکستانی باکسرزسے متعلق برطانوی حکام کو الرٹ کر دیا گیا ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن معاملے پر قونصلیٹ سے رابطے میں ہے۔خیال رہے کہ یہ دو ماہ میں پاکستانی ایتھلیٹس کی بیرون ملک گمشدگی کا دوسرا واقعہ ہے۔ جون میں پاکستانی سوئمر فیضان اکبر ہنگری میں لاپتہ ہوگئے تھے۔خیال رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کیلئے انگلینڈ جانے والے 2 پاکستانی باکسر غائب ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں باکسرز کی ساتھیوں سے آخری ملاقات ہوٹل میں منگل کی صبح ناشتے پر ہوئی تھی ، دن بارہ بجے ائیرپورٹ روانگی کیلئے تمام پلیئرز کو اپنے کوچز کو رپورٹ کرنا تھا تاہم دونوں باکسرز نے کوچز کو رپورٹ نہیں کی۔تاخیر پر دونوں کے کمروں کے دروازوں کو توڑا گیا تو وہاں سامان موجود تھا تاہم باکسرز غائب تھے، دونوں باکسرز کے سفری کاغذات فیڈریشن کے پاس ہی ہیں، جس پر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے برطانوی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔