اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فیصلہ کرلیا اب لڑوں گا، یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ شہباز گل کو گرفتار نہیں اغوا کیا گیا، پوچھتا ہوں کہ کیا ملک میں
کسی کو کسی کا خوف نہیں ہے؟انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز گل نے قانون توڑا ہے تو اسے جیل میں ڈالتے، اْس کے ڈرائیور کو مارا گیا اور گاڑی کے شیشے توڑے گئے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اسی طرح 25 مئی کو بھی ظلم کیا گیا، خواتین اور بچوں پر تشدد کیا گیا، یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، گرفتار ہونا چھوٹی چیز ہے۔انہوں نے کہاکہ جب معاشرہ ظلم کے آگے جھک جاتا ہے تو تباہ ہوجاتا ہے، غلام نہیں رہ سکتا، مجھے آزادی کی قدر ہے، مجھے کوئی بھی قربانی دینی پڑے، میں تیار ہوں۔عمران خان نے کہا کہ بیرونی سازش سے چوروں کو ملک پر مسلط کیا گیا، جمہوریت میں کسی چینل کو بغیر نوٹس بھیجے بند نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ حقیقی آزادی کیلئے مجھے جان بھی قربان کرنی پڑے تو میں کروں گا، غلاموں کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، آزادی اونچی پرواز دیتی ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میں ملک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، آئین اور قانون میں رہتے ہوئے پْرامن جدوجہد کروں گا۔