اسلا م آباد (آن لائن) پاکستان نے اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے مسجد الاقصی پر دھاوا بولنے اور بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض فورسز کے حفاظتی حصار میں اسرائیلی آبادکاروں
کا مسجد الاقصیٰ پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔اشتعال انگیز اقدام سے قبلہ اول کے تقدس کو پامال کیا گیا۔اسرائیلی آبادکاروں کے اقدام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ایسے واقعات بین الاقوامی قانون، اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔مسجد الاقصیٰ کی تاریخی، قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکنا چاہیے۔پاکستان کا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت، خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔اسرائیلی اقدامات خطے میں تشدد، کشیدگی اور عدم استحکام کو ہوا دے رہے ہیں۔مسئلہ فلسطین کا دیرپا اور منصفانہ حل انتہائی ناگزیر ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان ایک قابل عمل، خودمختار، فلسطینی ریاست چاہتا ہے۔فلسطینی ریاست جو 1967ء سے قبل سرحدوں پر مشتمل، جس کا دارلحکومت القدس الشریف ہو۔مسئلہ فلسطین کے دیرپا حل کے لیے اقوام متحدہ، او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں پر عمل کیا جائے۔