پیرس(این این آئی )فرانسیسی سائنسدان ایٹین کلین نے ساسیج کے ٹکڑے کو ستارہ قرار دینے پر معافی مانگ لی۔میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں فرانسیسی سائنسدان نے ایک تصویر ٹوئٹ کی اور دعوی کیا کہ یہ کائنات کے رازوں کو
جاننے کے لیے خلا میں بھیجے جانے والی جیمز ویب ٹیلی اسکوپ کے ذریعے لی گئی ایک ستارے کی تصویر ہے۔فرانسیسی سائنسدان نے تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا تھا کہ یہ سورج کے قریب ترین ستارے پراکسیما سینٹوری کی تصویر ہے جو زمین سے 4.2 نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔ بعد ازاں ایٹین کلین نے ٹوئٹس کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ بظاہر ستارے جیسے دکھنے والی یہ تصویر درحقیقت ایک سیاہ پس منظر میں کافی قریب سے لی گئی ساسیج کے ٹکڑے کی تصویر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک مذاق تھا جس پر میں معذرت خواہ ہوں لیکن میرا ساسیج کی تصویر شیئر کرنے کا مقصد یہ تھا کہ ایسی تصاویر سے محتاط رہیں جو بظاہر خود بولتی ہیں۔ایٹین کلین کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں جو چیز کسی اتھارٹی کی جانب سے شیئر کی جائے وہ ہمیشہ صحیح ہو ، ایسی تصاویر کو اپنی عقل و شعور سے پرکھنا سیکھیں۔