لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)عمران خان نے پنجاب کابینہ میں شمولیت کے خواہشمند ارکان کے لیے سخت شرائط رکھ دیں۔سابق وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ کابینہ حصہ بننے والا کوئی رکن چھٹی نہیں کرے گا ، صوبائی وزراء کو 14 گھنٹے ڈیوٹی کرنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے لاہو ر،گوجرانوالہ، سرگودھا، راولپنڈی، ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے ارکان اسمبلی نے ملاقاتیں کیں ۔ملاقات کرنے والوں میں خواتین اور اقلیتی ایم پی ایز بھی شامل تھے،عمران خان نے الیکشن میں عمدہ کارکردگی پر ارکان اسمبلی کی کاوشوں کو سراہا،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مختلف ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہو ئے کہاکہ ملک میں استحکام صاف وشفاف الیکشن سے ہی ممکن ہے،مالیاتی اداروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے، مستحکم جمہوری حکومت آنے تک معاشی بحران نہیں جائے گا، حالات مزید مشکل ہوسکتے ہیں،ہر چیز مزید مہنگی ہونے والی ہے، کرپٹ حکمران آتے ہیں تو ملک نیچے جاتے ہیں ،انہوں نے مزید کہاکہ حقیقی سیاست عبادت کے مترادف ہے،یہاں لوگ سیاست میں پیسہ بنانے آتے ہیں،لیکن اب عوامی شعور بیدار ہوچکا ہے، بچوں میں ملکی مسائل کے شعور کی بیداری خوش آئند ہے،قوم کی توقعات اب پی ٹی آئی سے وابستہ ہیں۔