اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی کا عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس منظور کرنے کا فیصلہ۔روزنامہ جنگ میں صالح ظافر کی شائع خبر کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف
توشہ خانہ (گفٹ ڈیپازٹری) اسکینڈل میں آرٹیکل 62کے تحت نااہلی کیلئے ریفرنس کو مزید تحقیقات اور کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو بھیجنے کی منظوری دے دی۔اعلیٰ پارلیمانی ذرائع نے انکشاف کیا کہ اسپیکر نے طویل مشاورت اور معاملے کے مطالعہ کے بعد عمران کو کسی بھی سیاسی عہدے کے لیے نااہل قرار دینے کے لیے ای سی پی کے ذریعے غور کیلئے ریفرنس کو موزوں قرار دیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو نااہل کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائیگا۔وزیراعظم ہاؤس میں پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تفصیلی غور کیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کو نااہل کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائیگا، ریفرنس آرٹیکل62 اور 63 کے تحت دائرکیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کیساتھ غیر رسمی مشاورت کے بعد ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا ہے وفاقی کابینہ آج جمعرات کو ممنوعہ فنڈنگ کیس پر سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیگی۔