کابل(این این آئی)افغان دارالحکومت کابل میں انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پریمیئر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ کے دوران بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی افغان شہری زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھے اور متعدد شائقین زخمی ہوگئے تاہم افغان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر
نصیب خان نے اپنے ویڈیو بیان میں صرف 4 تماشائیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ یہ دھماکہ جمعہ کی شام اْس وقت ہوا جب دو مقامی ٹیموں پامیرزلمی اور بندمیرکے مابین شپگیزہ کرکٹ لیگ کا میچ جاری تھا۔ اس موقع پر سٹیڈیم میں تماشائیوں کی بہت بڑی تعداد موجودتھی۔مقامی پولیس اور دیگر حکام نے دھماکہ کی تصدیق کر لی ہے تاہم ہلاکتوں کے بارے بیان جاری نہیں کیاہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کے دوران ہونے والے بم دھماکے سے پورا شہر لرز اٹھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سٹیڈیم میں بیٹھے شائقین کے درمیان بم دھماکہ سے پھٹ گیا۔اگرچہ فوری طورپر دھماکہ کی نوعیت معلوم نہ ہوسکی تاہم خدشہ ظاہرکیاجارہا ہے کہ یہ خودکش بم دھماکہ تھا۔افغان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر نصیب خان کے مطابق دھماکہ میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام کھلاڑی محفوظ رہے البتہ چار شائقین زخمی ہوگئے۔بعض اطلاعات کے مطابق کامران غلام‘ امیرحمزہ اور افتخاراحمد نامی پاکستانی کھلاڑی بھی میچ میں شامل تھے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق یہ خودکش دھماکہ تھا جس میں عینی شاہدین کے مطابق متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ دھماکہ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بنکر کے اندر لے جایا گیا۔ دھماکہ کے بعد میچ روک دیا گیا۔عینی شاہدین کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دھماکہ کے بعدتماشائیوں کو حفاظتی مقامات کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔ اسٹیڈیم میں بڑی تعدادمیں لوگ موجود تھے جہاں دھماکے کے بعدشدید افراتفری پھیل گئی تاہم دھماکہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طورپر جائے وقوعہ پہنچ کرحالات پر قابو پالیا۔