اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی طلعت حسین نے انکشاف کیا ہے کہ موجود ہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے داماد نے فیصل آباد سے الیکشن جیتا ہے ،چیف جسٹس صاحب الیکشن کے دوران وہاں تین مرتبہ
گئے بھی ، اب اگرچیف جسٹس کا داماد ، پرویز الٰہی کی کابینہ میں وزیر بنتا ہے توپھر لوگ سوال تو اٹھائیں گے ،پروگرام کے دوران میزبان نے بھی کہا کہ سوال تو اٹھتا ہے اور اٹھانا بھی چاہئے ، طلعت حسین نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے پاکستان ایک مرتبہ پھر نازک دور سے گزرنے والا ہے ۔دوسری جانب سینئر صحافی حامد میر نےکہا ہے کہ عمران خان پنجاب اسمبلی توڑنے کے بجائے صرف قومی اسمبلی کا الیکشن کروانے کیلئے دباؤ ڈالتے ہیں تب بھی وفاقی حکومت کیلئے مشکلات بڑھیں گی، حکمراں اتحاد کی قیادت نے قومی اسمبلی کی مدت پوری کرنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے لیکن اس دوران نرم مداخلت کی باتیں سامنے آرہی ہیں، حکمراں اتحاد نے عدلیہ سے متعلق پریس کانفرنس کر کے اداروں پر تنقید کا سلسلہ شروع کردیا ہے، حکمراں اتحاد کی کوشش ہوگی کہ عام انتخابات نومبر کے بعد ہوں، حکمراں اتحاد سمجھتا ہے کہ وہ ملک چلانے کیلئے عدلیہ کے ساتھ چلنے کی کوشش کررہے ہیں مگر عمران خان پریشر تکنیک استعمال کررہے ہیں، پنجاب کے ضمنی الیکشن نے بھی حکمراں اتحاد کے خدشات کو مزید بڑھادیا ہے۔