اسلام آباد/لاہور(این این آئی)عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منکی پوکس کو عالمی ایمرجنسی قرار دینے کے بعد وزیر صحت کے حکم پر ملک کے داخلی راستوں پر سخت نگرانی شروع کردی گئی۔ترجمان وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے این سی او سی
کو ہدایت جاری کی ہے کہ کووڈ کے ساتھ ساتھ منکی پوکس کی مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جائے تاہم پاکستان میں ابھی تک منکی پوکس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ترجمان کے مطابق وزیر صحت کا کہنا ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر اس وبا کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کریں، تمام ضروری اور موثر اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، خاص طور پر افریقہ سے انے والے مسافروں کی اسکریننگ کے نظام کو مضبوط بنایا گیا ہے۔عبدالقادر پٹیل کے مطابق سائنسی بنیادوں پر پاکستان کے داخلی راستوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز پر بھرپور عمل کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں اداروں کے مابین مربوط کوارڈنیشن کا عمل جاری ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منکی پوکس کو عالمی ایمرجنسی قرار دینے کے بعد وزیر صحت کے حکم پر ملک کے داخلی راستوں پر سخت نگرانی شروع کردی گئی۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا عوامی آگاہی کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اور ہیلتھ ورکرز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں۔