نئی دہلی (آئی این پی)4؍ لاکھ بھارتی شہری شہریت چھوڑ کر بیرون ملک چلے گئے، تقریبا 1400؍ افراد اپنی بھارتی شہریت ترک کر کے چین چلے گئے۔
بھارتی وزارت داخلہ نے پارلیمان کو بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران تقریبا تین لاکھ 92ہزار سے زائد بھارتی باشندے اپنی مقامی شہریت ترک کر کے بیرون ملک جا بسے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے زیادہ تر افراد نے امریکی شہریت حاصل کی، جو بھارتی تارکین وطن کا سب سے پسندیدہ ملک ہے۔ وزارت داخلہ نے اس حوالے 2019سے 2021تک کا اپنا ڈیٹا پیش کیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ برس مجموعی طور پر جن ایک لاکھ 63 ہزار لوگوں نے بھارتی شہریت ترک کی، ان میں سے 78ہزار امریکی شہری بن گئے۔ ان اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین برسوں سے اپنے بھارتی پاسپورٹ ترک کرنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سن 2019 میں ایک لاکھ 44 ہزار سے زیادہ افراد نے اپنی بھارتی شہریت ترک کی تھی۔