اسلا م آباد (آن لائن)سابق وزیر اعظم نواز شریف ،آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ،پنجاب ضمنی الیکشن اور ملک کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تینوں رہنمائوں نے اتحادیوں کی مشاورت سے آئندہ کے لائحہ عمل پر اتفاق کیا ہے ۔تفصیل کے مطابق پیر کے روز پنجاب کے ضمنی انتخابات کے بعد بدلتی سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے حکومت کے تین بڑے رہنمائوں نواز شریف ،آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے ۔ تینوں رہنماؤں نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگی امیدواروں کی شکست کا جائزہ لیا، پنجاب اور مرکز میں آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تینوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوام نے بڑھتی مہنگائی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بدلہ لیا ہے، نواز شریف نے کہا میں تو شروع دن سے ہی حکومت لینے کے حق میں نہ تھا،تینوں رہنماؤں نے جلد عام انتخابات کروانے سے متعلق تجاویز پر بھی مشاورت کی اور اتفاق کیا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے تفصیلی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔