لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )گزشتہ روز پنجاب کے 20حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے ناتئج سامنے آگئے ، جس کے مطابق پی ٹی آئی نے 15،ن لیگ نے 4 سیٹیں حاصل کیں ، جبکہ ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا، جس کے بعد پنجاب میں اس وقت سامنے آنے والی پارٹی
پوزیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اسمبلی میں پہلے 163 ممبران تھے لیکن ضمنی الیکشن میں 15 نشستیں حاصل کرنے سے اس کے ارکان کی تعداد 178 ہوگئی ہے۔پنجاب میں پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت (ق) لیگ کے کل 10 ارکان ہیں جس کے بعد دونوں جماعتوں کے پنجاب اسمبلی میں اس وقت مجموعی طور پر 188 ارکان ہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کےپہلے پنجاب اسمبلی میں 164 ارکان تھے لیکن ضمنی الیکشن میں 4 نشستیں لینے کے بعد اب اس کے ارکان کی تعداد 168 ہوگئی ہے۔اس کےعلاوہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے 7 ارکان ہیں جب کہ 3 آزاد ارکان اور ایک رکن راہِ حق پارٹی کا ہے جس کے بعد (ن) لیگ کے اتحادیوں کے ساتھ کل نمبر 179 ہیں۔17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا ہے جب کہ رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نثار غیر فعال ہیں۔پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں (ن) لیگ کے 2 ارکان کے استعفوں کے بعد اس وقت بھی 2 نشستیں خالی ہیں۔